امریکا نے اپنے شہریوں کے لیے پاکستان میں خاص طور پر خیبر پختوںخوا اور بلوچستان کے سفر سے متعلق نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہے۔
یہ ایڈوائزری امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو آف قونصلر افیئرز کی جانب سے جاری کی گئی ہے، جس میں امریکی شہریوں کو پاکستان کے سفر پر نظرثانی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ امریکی شہری خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے سفر سے گریز کریں۔ ایڈوائزری میں مزید کہا گیا کہ پاکستان میں انتہا پسند گروہوں نے حملوں کی سازشیں جاری رکھی ہیں۔
ایڈوائزری میں امریکن شہریوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ بلوچستان و خیبرپختونخوا میں دہشت گرد حملے معمول بن چکے ہیں اس لیے وہاں جانے سے گریز کیا جائے۔
اس کے علاوہ ایڈوائزری میں امریکن شہریوں پر واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان میں بلا اجازت کسی بھی قسم کے احتجاج یا مظاہروں کے قریب جانے سے گریز کریں بصورت دیگر انہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تفتیش کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ایڈوائزری میں وضاحت دی گئی ہے کہ اس سے قبل امریکی شہریوں کو پاکستان میں مظاہروں میں حصہ لینے یا پاکستانی حکومت و فوج کے خلاف پوسٹ کرنے پر حراست میں لیا جا چکا ہے۔
امریکی حکومت نے اپنے شہریوں کو پاکستان میں خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے ان سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی درخواست کی ہے۔