وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی یوم آب پر اپنے پیغام میں کہا کہ گلیشئرز کو محفوظ رکھنے، آبی وسائل کے تحفظ اور اپنے عوام، خطے اور کرہ ارض کے لیے آبی طور پر محفوظ مستقبل کیلئے مل کر کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں، سندھ طاس معاہدے کا مؤثر نفاذ پاکستان کی آبی سلامتی کے لیے انتہائی اہم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پانی زندگی کی بنیاد ہے، ہماری معیشتوں، ہمارے کھانے کے نظام اور ہمارے ماحول کے لیے بنیادی عنصر ہے، پھر بھی زندگی کو برقرار رکھنے والا یہ وسیلہ بدترین دباؤ میں ہے، دنیا کی تقریباً نصف آبادی سال کے کچھ حصے میں پانی کی کمی کا سامنا کرتی ہے، اربوں لوگ پینے کے صاف پانی تک رسائی سے محروم ہیں جبکہ پانی کی آلودگی خطرناک سطح پر بڑھ رہی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہماری آبی زمینیں ہمارے جنگلات سے تین گنا زیادہ تیزی سے ختم ہو رہی ہیں، یہ اب کوئی دور کا خطرہ نہیں ہے، یہ ایک عالمی بحران ہے جو فوری اور اجتماعی اقدام کا متقاضی ہے، پاکستان ان چیلنجز سے ناواقف نہیں ہے، 2022 کے تباہ کن سیلاب کے پاکستان پر طویل اثرات مرتب ہوئے ۔
وزیراعظم کامزید کہنا تھا کہ سیلاب نے ہمارے آبپاشی کے نظام کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا اور لاکھوں زندگیوں اور ذریعہ معاش کو متاثر کیا، ایک ہی وقت میں خشک سالی بھی اتنا ہی سنگین خطرہ ہے ، ہماری تقریباً 80فیصد زمین بنجر یا نیم بنجر کے زمرے میں آ تی ہے اور ہماری 30فیصد آبادی براہ راست خشک سالی جیسے حالات سے متاثر ہے۔