بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پانچ سالہ بچی نے اپنی کتاب شائع کرکے گنیز ورلڈ ریکارڈ بنادیا

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ سے تعلق رکھنے والی 5 سالہ بچی نے اپنی کتاب شائع کرکے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروالیا ہے۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کے حکام کے مطابق برطانیہ سے تعلق رکھنے والی بیلا 5 سال 211 دن کی عمر میں کتاب شائع کرنے والی دنیا کی سب سے کم عمر خاتون مصنفہ بن گئی ہیں۔ بیلا کی لکھی گئی کتاب کی ایک ہزار سے زائد کاپیاں فروخت ہوگئی ہیں، جس کے ساتھ ہی بیلا نے اپنا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کروالیا ہے۔

بیلا نے اپنی کتاب ‘دی لوسٹ کیٹ’ (The Lost Cat) میں ایک بلی کی کہانی کو اجاگر کیا ہے جو رات کو اکیلے باہر نکلنے کے بعد کھو جاتی ہے۔

دی لوسٹ کیٹ 31 جنوری 2022 کو جنجر فائر پریس نے شائع کی تھی اور اس کے بعد سے اس کتاب کی ایک ہزار سے زیادہ کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز حکام کا کہنا ہے کہ اس سے قبل سب سے کم عمر مصنفہ کا ریکارڈ ڈوروتھی اسٹریٹ نامی بچی کے پاس تھا جس نے How the World Began  کے نام سے کتاب لکھی تھی۔ 6  سالہ ڈوروتھی کی کتاب اگست 1964 شائع ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں کم عمر مصنف کے طور پر نام درج کروانے کیلئے کتاب کو کسی بھی تجارتی پبلشنگ ہاؤس کی طرف سے شائع کیا جانا چاہیے اور کم از کم ایک ہزار کاپیاں پرنٹ اور فروخت  ہونی چاہییں۔