راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں امن دشمنوں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے 7 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے تربت میں دہشتگردوں کے ٹھکانے کی موجودگی پر خفیہ معلومات پر آپریشن کیا، یہ آپریشن صوبے میں امن کے بیرونی سپانسر شدہ دشمنوں کو پکڑنے کے لیے کیا گیا۔
بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن شروع کیا تو دہشتگردوں نے اپنے کیمپ سے فرار ہونے کی کوشش اور اس دوران سکیورٹی فورسز کا دہشتگردوں کے ساتھ اندھا دھند فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشتگرد مارے گئے، مارے جانے والوں میں کمانڈر حاصل ڈوڈ اور واشدل شامل ہیں۔ یہ دہشت گرد مکران ڈویڑن میں حالیہ فائرنگ اور سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود کا ایک بڑا ذخیرہ بھی برآمد کر لیا جو دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال کرنا تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملک میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے والوں کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری رہے گا اور انہیں بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔