کرک:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے گولیوں اور جیلوں سے ڈرنے والے کارکنان کو گھر بیٹھنے کا مشورہ دے دیا۔
کرک میں پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پارٹی میں گروپ بندی ہے لیکن اس سے فرق نہیں پڑتا، اگر عمران خان باہر ہوتے تو صوبائی صدارت کو قبول نہ کرتا، اس وقت مجھے ان سے ملنے نہیں دیا جارہا۔
انہوں نے کہاکہ پارٹی میں پارلیمنٹیرینز اور تنظیمی عہدیدار الگ الگ لوگ ہونے چاہییں، آج ہمارے جتنے لوگ اسمبلی میں ہیں ان کو عمران خان کے نام پر ووٹ ملا۔
جنید اکبر نے کہاکہ میں عمران خان کے بغیر یونین کونسل کا ممبر بھی نہیں بن سکتا، پارٹی میں گروپ بندی کرنے والے کچھ بھی کرلیں فرق نہیں پڑے گا کیوں کہ ہم کوئی سیاسی غلام نہیں۔
انہوں نے کہاکہ پارٹی میں کرپشن کرنے والوں سے ضرور پوچھ گچھ ہوگی، کوئی چاہے جتنا بھی طاقتور ہو اس کا راستہ روکا جائےگا۔