پیرس (ظفرقاضی )معروف پاکستانی آرٹسٹ، پرو فیسر سلیمہ ہاشمی نے پاکستان میں آرٹس کی تاریخ اور تنوع کے حوالے سے سفارت خانہ پاکستان پیرس میں ایک لیکچر دیا جسکا اہتمام فرینڈز آف پاکستان اِن فرانس ایسوسی ایشن اور سفارت خانہ پاکستان فرانس نے مل کر کیا تھا۔
اس میں فرانس کی سول سوسائٹی کے ممبران، صحافی، ادب اور تعلیم سے تعلق رکھنے والے افراد، سفارت کار اور فرانس میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے ممبران نے شرکت کی۔اس موقع پر اپنے ابتدائی کلمات میں چارج ڈی افیئرز محمد امجد عزیز قاضی نے پروفیسر سلیمہ ہاشمی کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ اُنکی آرٹ کے شعبے میں گراں قدر خدمات ہیں۔وہ بذات خود ایک پینٹر ہونے کے ساتھ ساتھ آرٹ کی نقاد بھی ہیں۔
انہوں نے نیشنل کالج آف آرٹس، لاہور میں تین دہائیوں سے زیادہ خدمات انجام دیں ۔ ان خدمات کے عوض حکومت پاکستان نے انہیں تمغۂ حسن کارکردگی سے بھی نوازا۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فرینڈز آف پاکستان اِن فرانس کی صدر فریڈریکا سنڈبرگ نے تنظیم کے اغراض و مقاصد کے بارے میں بتاتے ہوئے کہاکہ تنظیم فرانس اور پاکستان کے عوام میں رابطہ مضبوط اور موثر کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ اپنے لیکچر میں پروفیسر سلیمہ ہاشمی نے پاکستان میں آرٹس کی تاریخ کا اجمالی جائزہ پیش کیا۔
انہوں نے مشہور آرٹسٹس کے ساتھ ساتھ عصرِ حاظر کے آرٹسٹس کا کام بھی حاضرین کے سامنے پیش کیا اور ان پر تنقیدی زاویے سے روشنی ڈالی۔ آخر میں حاضرین کے ساتھ سوال و جواب کے نشست بھی ہوئی۔











