کیف(نیوز ڈیسک )روسی افواج کی بمباری سے یوکرین کے معروف اداکار و میزبان پاشا لی ہلاک ہوگئے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق روس نے یوکرین کے دارالحکومت کے قریب ارپن نامی علاقے پر بمباری کی جس کے نتیجے میں یوکرین کے 33 سالہ معروف اداکار پاشا لی ہلاک ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار پاشا لی نے روسی افواج کے حملے کے بعد اپنے ملک یوکرین کے دفاع کے لیے عارضی طور پر اپنے ملک کی دفاعی فوج میں شمولیت اختیار کی تھی۔
روسی افواج کی بمباری میں اداکار پاشا لی سمیت یوکرین کے دیگر چار شہری مارے گئے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر اداکار پاشا لی کی آخری انسٹاگرام پوسٹ بھی وائرل ہورہی ہے جس میں اُنہیں یوکرین کی فوجی وردی میں دیکھا جاسکتا ہے۔
اداکار نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا تھا کہ ہمارے ملک پر روسی افواج کے حملے جاری ہیں، ہم تصویر لے رہے ہیں اور مُسکرا رہے ہیں کیونکہ ہم یوکرین کو بچانے کے لیے لڑ رہے ہیں۔
دوسری جانب روس نے آج پھر یوکرین میں پھنسے شہریوں کو محفوظ راہداری دینے کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد پا کستانی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجے سے یوکرین میں پھنسے شہریوں کو انخلاء کی اجازت ہوگی۔
اقوام متحدہ کے مطابق روس کے حملوں سے اب تک 20 لاکھ سے زائد افراد یوکرین چھوڑ کر جاچکے ہیں۔