بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

محسن نقوی سے امریکی سفیر کی اہم ملاقات، پاک امریکہ تعلقات اور سیزفائر پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے پاکستان میں امریکہ کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے اہم ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور، پاک بھارت جنگ بندی کے بعد کی صورتحال اور باہمی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران محسن نقوی نے پاک بھارت سیزفائر میں کلیدی کردار ادا کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ بندی ممکن بنانا ایک تاریخی قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے خطے کو ممکنہ تباہی سے بچا کر انسانیت کی خدمت کی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی قیادت سے متعلق امریکی صدر کے مثبت خیالات خوش آئند ہیں اور پاکستان امریکہ کے ساتھ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔

قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ بہترین تعلقات کا خواہاں ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔اس اہم ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی شریک تھے۔