اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران، انجینئر امیر مقام نے خضدار میں اسکول بس پر ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس واقعے کو انسانیت سوز دہشت گردی قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانا ایک ناقابلِ معافی جرم ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی بچوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ بچوں کی شہادت پر پوری قوم غمزدہ ہے اور اس المناک سانحے نے ہر دل کو افسردہ کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاشبہ بچوں پر حملے بھارت کی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردوں کی شکست اور مایوسی کی علامت ہیں۔
وفاقی وزیر نے یقین دلایا کہ قوم ان معصوم جانوں کی قربانی کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دے گی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قومی عزم مزید مضبوط ہوگا۔









