اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم شہبازشریف نے غریب اور پسماندہ طبقے کیلئے بڑے ریلیف کا اعلان کردیا ۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت یوٹیلٹی سٹورز کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں 5 بنیادی اشیاء ضروریہ کو اگلے مالی سال کیلئے کم نرخوں پر فراہم کرنے کا اصولی فیصلہ کیاگیا جبکہ وزیر اعظم نے کراچی میں یوٹیلٹی اسٹورز کے نیٹ ورک میں تو سیع کی بھی منظوری دی۔وزیراعظم نے کہاکہ یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹے، چینی، گھی ،خوردنی تیل ،دالوں اور چاول کی کم نرخوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
اجلاس کو یوٹیلٹی اسٹورز پر دی جانے والی سبسڈی، پسماندہ طبقے کو ٹارگٹڈ سبسڈی، یوٹیلٹی اسٹورز کی ملک بھر میں تعداد میں توسیع اور خیبر پختونخوا میں وزیرِ اعظم کے ویژن کے تحت سستے آٹے کی فراہمی کے پروگرام پر پیش رفت سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ یوٹیلٹی اسٹور کارپوریشن ملک میں اس وقت 3822 اسٹورز کو براہ راست اور 1380 فرینچائز چلا رہا ہے جبکہ تیس جولائی تک بلوچستان، سندھ، کشمیر، گلگت بلتستان اور پنجاب میں 300 سے ذیادہ نئے اسٹورز بنائے جائیں گے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ریلیف پیکج کے تحت اب تک 11 کروڑ 30 لاکھ مستحق افراد مستفید ہو چکے ہیں جن کو فی کلو آٹے پر 60 روپے، چینی پر 21 روپے، گھی پر 250 روپے جبکہ دالوں اور چاول پر 15-20 روپے ٹارگٹڈ سبسڈی دی گئی ہے، سبسڈی کا طریقہ کار ڈیجیٹل ہے جبکہ نادرا اور وزارتِ تخفیف غربت کے ڈیٹا سے منسلک ہے۔.
وزیر اعظم نے غریب اور پسماندہ طبقے کیلئے بڑے ریلیف کا اعلان کردیا








