کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈالر کے انٹر بینک ریٹ 209روپے جبکہ اوپن ریٹ 213روپے کی بلند ترین سطح سے بھی تجاوز کر گئے۔
کاروبار کے آغاز پر بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کی وجہ سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ ایک موقع پر 211روپے سے بھی تجاوز کر گئے تھے لیکن بعد دوپہر ڈالر کی قدر اڑان کا تسلسل رکنے کے نتیجے میں انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 1روپے 22پیسے کے اضافے سے 209روپے 50 پیسے کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوئی۔
اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 1.50روپے کے اضافے سے 213.50روپے کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوئی۔
ماہرین کے مطابق پاکستانی روپیہ کی قدر کا دارومدار آئی ایم ایف پروگرام کے گرد گھومتا جارہا ہے، حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی ختم کرنے سمیت دیگر سخت اقدامات کے باوجود آئی ایم ایف قرض پروگرام کے معاہدے پر رضامند نہیں بلکہ پیٹرول پر لیوی اور سیلز ٹیکس بھی بھی عائد کرنے کا مطالبہ کررہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس سے پروگرام میں شمولیت کا عمل طول اختیار کررہا ہے اور مالیاتی بحران میں خطرناک حد تک بڑھنے سے غیر یقینی ماحول سے ڈالر کی بلند پرواز جاری ہے۔
انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر نئی ریکارڈ سطح پر آگیا








