اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نئے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے دو ارکان کی تقرری کے لیے مشاورت کا عمل باضابطہ طور پر شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کو ملاقات کی باضابطہ دعوت دیتے ہوئے ایک خط ارسال کیا ہے۔
اپنے خط میں وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور دونوں ممبران کی مدتِ ملازمت 26 جنوری کو ختم ہو چکی ہے، تاہم وہ آئین کے آرٹیکل 215 کے تحت اپنی ذمہ داریاں تاحال سرانجام دے رہے ہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ آئین کے آرٹیکل 218 کے تحت ان عہدوں پر تقرری کے لیے نام پارلیمانی کمیٹی کو بھجوائے جائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن لیڈر سے درخواست کی ہے کہ وہ ملاقات کے لیے وقت طے کریں تاکہ ان اہم قومی عہدوں پر آئینی تقاضوں کے مطابق مشاورت مکمل کی جا سکے۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مشاورت سے ہی الیکشن کمیشن کو مکمل اور فعال بنایا جا سکے گا۔