بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان کے اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد نے واشنگٹن میں مصروف ترین دن گزارا

واشنگٹن(نیوز ڈیسک) پاکستان کے اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور سابق وزیر داخلہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں واشنگٹن میں مصروف ترین دن گزارا، جہاں امریکی کانگریس اور سینیٹ کے اراکین سے اہم ملاقاتیں ہوئیں۔ وفد نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی، بھارتی اشتعال انگیزی، سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی اور مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی مؤقف سے امریکی قیادت کو آگاہ کیا۔

وفد نے پاکستان کاکس کے شریک چیئرمینز جیک برگ مین اور ٹام سوازی سمیت سینیٹر ایلیسا سلوٹکن، سینیٹر جم بینکس، سینیٹر وان ہولن، سینیٹر کوری بوکر، اور دیگر ارکان سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے گفتگو میں کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن صرف ڈائیلاگ، سفارتکاری اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے ممکن ہے۔

انہوں نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کو بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ پانی کو بطور ہتھیار استعمال کیے جانے کے عمل کا نوٹس لیا جائے۔

پاکستانی وفد نے انسداد دہشت گردی، علاقائی استحکام، اور پاک امریکہ تجارتی تعلقات کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ بلاول بھٹو نے امریکہ کو پاکستان کا اہم تجارتی و اقتصادی شراکت دار قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر مضبوط روابط کے قیام کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔

امریکی کانگریس اراکین نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی استحکام، علاقائی امن، اور جمہوری اداروں کے استحکام کے لیے حمایت کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستانی عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ وفد نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے امریکی دلچسپی اور کوششوں کو سراہتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلے کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔