بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

محرم الحرام میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے پاور اویس لغاری نے محرم الحرام کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ڈسکوز (ڈسٹری بیوشن کمپنیز) کے چیئرمینز اور سی ای اوز کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔ وزیر پاور نے کہا کہ محرم الحرام کا مقدس مہینہ قریب آ رہا ہے، اور اس دوران لاکھوں عزاداران مجالس اور جلوسوں میں شرکت کریں گے۔ رواں سال محرم میں گرمی کی لہریں آنے کے امکانات ہیں جس سے بجلی کی فراہمی میں خلل آ سکتا ہے۔ اس لیے بلا تعطل بجلی کی فراہمی انتہائی ضروری ہے تاکہ مذہبی تقریبات کے دوران عوام کو کسی بھی قسم کی تکلیف سے بچایا جا سکے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام ڈسکوز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مجالس اور جلوسوں کے مقامات پر پیشگی مرمت اور جانچ کا عمل مکمل کریں تاکہ کسی بھی ٹیکنیکل خرابی کا سامنا نہ ہو۔ اس کے علاوہ ڈسکوز کو ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی غیر متوقع مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جا سکے۔ اویس لغاری نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران تکنیکی اور آپریشنل عملے کی 24/7 دستیابی کو یقینی بنایا جائے تاکہ بجلی کی فراہمی میں کسی قسم کا تعطل نہ ہو۔

انہوں نے امام بارگاہوں اور مساجد کو کسی بھی شیڈولڈ مرمت یا لوڈ مینجمنٹ کے بارے میں پیشگی آگاہ کرنے کی بھی ہدایت دی ہے تاکہ کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی حساس مقامات پر اسٹینڈ بائی جنریٹرز اور یو پی ایس سسٹمز کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ بجلی کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔

وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ محرم الحرام کے دوران تمام متعلقہ اداروں کو ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مذہبی تنظیموں کے ساتھ مکمل تعاون کرنا چاہیے تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔ وزیر پاور نے اس معاملے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی کی گنجائش نہ ہونے کا واضح پیغام دیا اور کہا کہ محرم کے دوران کیے گئے تمام اقدامات کی رپورٹ پاور ڈویژن کو ارسال کی جائے۔