بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی عرب اور قطر سے سفراء سے رابطہ، ایران کے امریکی فوجی اڈے پر حملے پر اظہار تشویش

وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کی جانب سے قطر میں قائم امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملے کے بعد قطر اور سعودی عرب کے سفیروں سے علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک رابطے کیے، جس میں مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی، خصوصاً قطر میں امریکی فوجی اڈے پر ایران کے میزائل حملے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے قطری حکومت اور عوام کے ساتھ مشکل وقت میں مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قطر کے امن و استحکام کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے خطے سے کشیدگی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔ قطری سفیر نے اس موقع پر پاکستان کے اظہار یکجہتی پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

دوسری جانب وزیراعظم نے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے بھی ہنگامی رابطہ کیا، جس میں مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے سعودی قیادت کے ساتھ قریبی روابط اور مشاورت کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

سعودی سفیر نے مشرق وسطیٰ میں امن و امان کے قیام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے موجودہ حالات میں پاکستان، سعودی عرب اور قطر کے درمیان تعاون کی قین دہانی کرائی۔ دونوں ممالک نے خطے میں قیام امن کے لیے قریبی اشتراک عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔