اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ملک کے بیشتر علاقوں میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، پنجاب کے کئی شہروں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے اسلام آباد اور شمال مشرقی پنجاب میں بادل برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق بارشوں کے باعث پنجاب کے کئی شہروں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے، جس کا باقاعدہ الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ کراچی سمیت سندھ میں مزید بارشیں متوقع ہیں، حیدر آباد، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، گھوٹکی اور تھرپارکر میں بادل برسیں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین این ڈی ایم اے سے ٹیلیفونک رابطے کر کے ملک بھر میں بالخصوص بالائی علاقوں میں صوبائی حکومتوں کے ساتھ رابطے میں رہنے اور معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیرِ اعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ریسکیو اداروں، ضلعی انتظامیہ اور صوبائی حکومتوں سے اس حوالے سے رابطہ مزید فعال کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے موبائل فون میسج کے ذریعے شہریوں کو موسمی صورتحال کی پیشگی اطلاع دینے کی بھی ہدایت کی۔