اسلام آباد(نیوز ڈیسک) جولائی کا آغاز ایک نئی مہنگائی لہر کے ساتھ ہو سکتا ہے، کیونکہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق یکم جولائی سے پیٹرول 11 روپے جبکہ ڈیزل 15 روپے فی لیٹر تک مہنگا ہونے کا امکان ہے۔
ملک بھر میں پہلے ہی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ رکھی ہے، اور اب پیٹرول کی قیمت میں متوقع اضافہ عوام کے لیے ایک اور معاشی بوجھ بن کر سامنے آ رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم قیمتوں سے متعلق سمری وزارتِ پیٹرولیم کو بھجوانے کی تیاری کر لی ہے، جس کے بعد نئی قیمتوں کا اعلان آج رات متوقع ہے۔
قیمتوں میں اضافے کی اصل وجہ کیا ہے؟
ذرائع وزارت پیٹرولیم کے مطابق، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ اور روپے کی قدر میں مسلسل کمی وہ بنیادی عوامل ہیں جن کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے۔
نئی قیمتوں کی حتمی منظوری وزیر خزانہ اور وزیراعظم کی مشاورت سے دی جائے گی۔
عوام کیلئے مزید مشکلات؟
یہ ممکنہ اضافہ نہ صرف ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے کا سبب بنے گا بلکہ روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں بھی تیزی سے اضافہ متوقع ہے۔ مہنگائی سے پہلے ہی پریشان عوام کیلئے یہ ایک اور “پیٹرول بم” جیسا ثابت ہو سکتا ہے۔