نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے پاک فضائیہ کے ساتھ مسلسل و مربوط مشترکہ آپریشنل مشقوں کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشنل تیاری جدید جنگ میں فتح کی بنیاد ہے اور ایئر چیف نے پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سربراہ پاک بحریہ نے پی اے ایف ایئروار کالج انسٹی ٹیوٹ کراچی کا دورہ کیا جہاں کورس کے شرکا سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ادارے کا عسکری قیادت تیار کرنے میں اہم کردار ہے۔
ایڈمرل نوید اشرف نے مشرقی محاذ پر حالیہ پیش رفت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ مسلسل تیاری اور اسٹریٹجک دوراندیشی کی اہم ضرورت کی واضح مثال ہے۔
انہوں نے نیول چیف نے سربراہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل ظہیراحمد بابر سدھو کی قیادت کو سراہا اور کہا پی اے ایف کو جدید ٹیکنالوجیز سےلیس کرنےمیں ایئر چیف کا اہم کردار ہے، پاک بحریہ کی جنگی صلاحیتوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے اور ان صلاحتیوں سے طاقتور میری ٹائم فورس کو فعال کیا جا سکتا ہے۔
نیول چیف نے مربوط قومی دفاع اور اسٹریٹجک مقاصد کےحصول میں انٹرسروس تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے پاک فضائیہ کیساتھ مسلسل و مربوط مشترکہ آپریشنل مشقوں کےآغازکا اعلان کیا اور کہا اس کا مقصد دونوں سروسز کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی تعاون کو مزید تقویت دینا ہے۔