بلوچستان حکومت نے نئے مالی سال 2025-26 کے آغاز کے ساتھ ہی صوبے میں ترقیاتی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے 50 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کر دیے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے فنڈز کے فوری اجرا کو تاریخی اور دیگر صوبوں کے لیے مثال قرار دیا ہے۔
ترجمان حکومت بلوچستان کے مطابق، فنڈز کے بروقت اجرا سے ترقیاتی منصوبوں پر فوری طور پر کام کا آغاز ممکن ہوگا اور صوبے میں تیز رفتار ترقی کی نئی روایت قائم کی جائے گی۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ فنڈز کے اجرا کا مقصد زبانی وعدوں کی بجائے عملی خدمت کا آغاز ہے۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے فنڈز کے اجرا پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب بلوچستان میں صرف باتیں نہیں، زمین پر ترقیاتی کام ہوتے نظر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر نیت صاف ہو تو فیصلے دنوں میں نہیں، بلکہ گھنٹوں میں ہوتے ہیں۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ یہ اقدام بلوچستان کے عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کی جانب پہلا عملی قدم ہے۔ ہم نے طویل انتظار نہیں کیا، بلکہ مالی سال کے پہلے ہی دن ترقیاتی فنڈز جاری کر دیے تاکہ کوئی بہانہ نہ رہے اور کام فوراً شروع ہو سکے، انہوں نے مزید کہا۔
حکومت بلوچستان کا مؤقف ہے کہ فنڈز کے شفاف اور مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جائے گا اور تمام منصوبوں کی مانیٹرنگ سختی سے کی جائے گی تاکہ کرپشن یا بدانتظامی کا راستہ بند کیا جا سکے۔