اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اداکار احمد علی بٹ حال ہی میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) سے دستبرداری کا اعلان کرنے والے اور پی سی بی پر الزامات لگانے والے آسٹریلوی کھلاڑی جیمز فالکنر پر برس پڑے۔
انسٹاگرام پر احمد بٹ نے جیمز فالکنر کی تصویر پر مشتمل اسٹوری شیئر کرتے ہوئے ان پر تنقید کی۔
احمد بٹ کی اسٹوری پر درج تھا کہ یہ جان کر خوشی ہوئی کہ پی سی بی اس غیر پیشہ ورانہ (جیمز فالکنر) شخص کے بقیہ واجبات ادا نہیں کرے گا۔
اداکار نے اپنی اسٹوری میں مشورہ دیا کہ باقی فانوس اور کمرے کا بل جیمز فالکنر کے کریڈٹ کارڈ پر چارج کیا جائے۔
احمد بٹ نے اپنی اسٹوری میں جیمز فالکنر پر تنقید کرتے ہوئے انہیں بدتمیز قرار دیا اور جیمز بلونڈ لکھا۔
خیال رہے کہ 2015 کی آسٹریلوی ورلڈکپ ونر ٹیم کے رکن رہنے والے جیمز فالکنر نے کچھ روز قبل ٹوئٹس کیں جس میں انہوں نے پی سی بی اور پی ایس ایل انتظامیہ پر دھوکا دہی کا الزام عائد کرتے ہوئے پی ایس ایل سے دستبرداری کا اعلان کیا اور پاکستانی مداحوں سے معذرت کی۔
جیمز فالکنر نے یہ الزام عائد کیا کہ پی سی بی معاوضے کی ادائیگی کے حوالے سے معاہدے کی پاسداری نہیں کر رہا تاہم پی سی بی نے ان تمام الزامات کو مسترد کردیا ہے۔
اس کے علاوہ آسٹریلین کرکٹر جیمز فالکنر نے نشے کی حالت میں ہوٹل کی پراپرٹی کو بھی نقصان پہنچایا تھا، فالکنر ہوٹل چھوڑنے سے قبل لابی میں پی سی بی اہلکار سے بات کررہے تھے اور اس کے بعد غصے میں آکر اوپر سے بلا اور ہیلمٹ فانوس پر پھینکا، ان کی اس حرکت کے باعث ہوٹل کے پراپرٹی کو نقصان پہنچا۔