بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مارگلہ کی پہاڑیوں پر ہرن ذبح کرنے کا واقعہ، تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج

اسلام آباد( صغیر چوہدری )مارگلہ ہلز نیشنل پارک سے جنگلی ہرن کو پکڑ کر بے دردی سے ذبح کرنے کے واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف دوروز گزرنے کے بعد مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف عائشہ شہزاد کی درخواست پر تھانہ کوہسار پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے درج مقدمے کے مطابق دو ملزمان کو وڈیو کے ذریعے شناخت کیا گیا ہے جن کے نام بشیر عباسی اور زین عباسی معلوم ہوئے ہیں جبکہ انکے ساتھ کچھ نامعلوم افراد بھی تھے تاہم ابھی تک کسی ملزم کو گرفتار نہیں کیا گیا ۔ تھانہ کوہسار میں درج ایف آئی آر میں اسلام آباد نیچر کنزرویشن اینڈ وائلڈ مینجمنٹ ایکٹ کی خلافِ ورزی کی دفعات شامل ہیں مقدمے میں مدعیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ایکٹ کے شیڈول ون کے تحت بارکنگ ڈئیر (ہرن) تحفظ شدہ جانور ہے جبکہ مقدمے میں نیچر ایکٹ 2024 کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں مقدمے میں چوری کی دفعہ بھی شامل ہے درخواست گزار نے پولیس کو بتایا کہ سیکشن 23 کے تحت جنگل میں اگر کوئی بھی جانور مردہ پایا جائے تو وہ مقامی حکومت کی ملکیت ہوتا ہے اس لئے ہرن کی باقیات جس میں کھال وغیرہ اور کھوپڑی برآمد کرنے میں مدد کی جائے ۔ واضح رہے کہ اس جرم میں دس لاکھ روپے جرمانہ جبکہ ایک سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔