اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ آج پانی پیٹرول سے بھی زیادہ مہنگا ہو گیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نےکہا کہ انجینئرنگ کونسل کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے پانی کو اہمیت دی، پاکستان اس وقت سب سے زیادہ مشکلات میں ہے کیونکہ ہم نے پانی کی اہمیت کو اس طرح نہیں سمجھا، پانی ہمارے لیے معاشی بم کی اہمیت رکھتا ہے۔
سید خورشید شاہ نے کہا کہ توانائی کے بحران پر ماضی میں توجہ نہیں دی گئی، پاکستان میں 114 ملین ایکڑ فٹ پانی کی گنجائش ہے، پاکستان کی 65 فیصد برآمدات زراعت سے وابسطہ ہیں، آج تک پالیسی کے تسلسل کا مسئلہ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری وزارت ان تجاویز سے استفادہ حاصل کرے گی، ہم میٹھا پانی سمندر کو نہیں دے رہے، میٹھا پانی سمندر کو روکنے میں مددگار ہوتا ہے، 2 لاکھ ایکڑ زمین سندھ میں سمندر برد ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں صرف حال کا نہیں صدیوں آگے کا سوچنا چاہیے، آبادی بڑھنے سے وسائل پر بوجھ پڑا ہے، پاکستان کا پانی کے بعد سب سے بڑا مسئلہ آبادی کا ہے، 38 سال ہو گئے ہم ڈیم نہیں بنا سکے۔
آج پانی پیٹرول سے بھی زیادہ مہنگا ہو گیا ہے، خورشید شاہ








