تھائی لینڈ کے ضلع لاپلائی میں ایک گھر سے 8 سال کے ایسے بچے کو ریسکیو کیا گیا جو مکمل تنہائی میں صرف 6 کتوں کے درمیان رہائش پذیر تھا اور بھونک کر بات چیت کرتا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تھائی این جی او اور حکام نے اسکول پرنسپل اور اہل علاقہ کے اطلاع دینے پر ایک خستہ حال گھر پر چھاپہ مارا جہاں سے 6 کتوں کے درمیان رہنے والے ایک بچے کو ریسکیو کیا گیا۔
تنہائی اور کتوں میں گھرا بچہ کون ہے؟
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بچے کی والدہ منشیات کی عادی ہے جو روزانہ بچے کو لکڑی سے بنے خستہ حال مکان میں کئی گھنٹوں کیلئے کتوں کے درمیان اکیلا چھوڑ کر کھانے کی تلاش کیلئے نکل پڑتی تھی۔
ریسکیو کیا گیا بچہ 2 سال سے اسکول نہیں گیا تھا، یوں بچہ کسی دوست اور نگران کے بغیر صرف کتوں کی صحبت میں پلتا رہا اور یہی وجہ تھی کہ بچے نے بھی کتوں کی نقل کرتے ہوئے بات چیت کیلئے بھونکنا شروع کردیا۔
رپورٹس کے مطابق بچےکی ماں اور 23 سالہ بھائی دونوں ہی منشیات کے عادی ہیں، حکومت کی جانب سے خاتون کو بچے کی تعلیم کے لیے 400 بھات کی سبسڈی فراہم کی گئی لیکن اس کے باوجود بچے کا کبھی اسکول میں داخلہ نہیں کروایا گیا۔
ماں کے برے رویے اورمنشیات کے عادی ہونے کی وجہ سے پڑوسیوں نے بھی بچے کو اپنے ساتھ کھلانا مناسب نہیں سمجھا، نتیجتاً بچہ کبھی سماجی نہیں ہوا حتیٰ کہ الفاظ میں بات کرنا بھی نہ سیکھ سکا۔
ریسکیو آپریشن کی قیادت کرنے والی خاتون نے بتایا کہ ’بچہ بولنے کے بجائے صرف بھونکتا ہے، جسے دیکھنا شدید افسوسناک ہےتاہم اب بچے کو شیلٹر ہوم منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس کی اچھی دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔









