بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ملک بھر میں طوفانی بارشیں، نشیبی علاقے زیرآب، بجلی کا نظام درہم برہم

ملک کے مختلف شہروں میں مون سون کی طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں جل تھل ایک ہوگیا۔

اسلام آباد میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بلیو ایریا، آبپارہ، بری امام، بارہ کہو اور میلوڈی میں بادل برسے۔ گجرات، سیالکوٹ، جہلم، حافظ آباد، نارروال، جڑانوالہ، مرید کے اور اوکاڑہ سمیت پنجاب بھر میں بادلوں کی گھن گرج سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے۔

لاہور میں مون سون کا اب تک کا سب سے تگڑا سپیل جاری ہے۔ متعدد علاقوں میں بارش 100 ملی میٹر کراس کر گئی۔ سب سے زیادہ بارش 123 ملی میٹر پانی تالاب میں ریکارڈ کی گئی۔

دادو، سیہون، جیکب آباد، شہداد کوٹ اور گھڑی خیرو سمیت سندھ میں بھی تیز بارش ہوئی۔ بلوچستان کے مختلف شہروں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی۔ موسیٰ خیل میں تیز آندھی اور موسلا دھار بارش سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ سبی میں اور کوہلو بھی جل تھل ایک ہوگیا۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز میں مزید تیز بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جس سے ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ اربن فلڈنگ کے خطرے کے پیشِ نظر شہری علاقوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔