اسلام آباد(نیوز ڈیسک) قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے تحریک عدم اعتماد جمع کرائے جانے کے بعد وزیراعظم عمران خان سے اٹارنی جنرل خالد جاوید کی ہونے والی ملاقات میں نا صرف قانونی پہلو ئوں پر بات ہوئی بلکہ اٹارنی جنرل تاخیر ی حربوں کے نتائج سے بھی وزیر اعظم کو خبر دار کیا ۔
بد ھ کو ایک رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سےدعویٰ کیا گیا کہ اٹارنی جنرل نے وزیراعظم کو مشورہ دیا ہے آئین کی رو سے حکومت کو اسمبلی کا سیشن بلانا پڑے گا اور عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ کرانا ہوگی۔ کسی بھی طرح کی تاخیر یا رکاوٹ ڈالنے کی کوشش معاملے کو سپریم کورٹ تک لیجا سکتی ہے جو حکومت کیلئے باعث ہزیمت ثابت ہوگا۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ فواد چوہدری اور فروغ نسیم نے وزیراعظم کو مشورہ دیا ہے کہ تحریک پر جتنا ممکن ہو سکے اتنی تاخیر سے کام لیا جائے۔ اسی دوران پی ٹی آئی ایک نیا بیانیہ پھیلا رہی ہے کہ مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر عمران خان کو ہٹانے کیلئے حکومت کیخلاف بین الاقوامی سازش کی جا رہی ہے۔
عمران خان کیلئے چیلنج بڑا ہے۔ اگر وہ اپنی سیاسی زندگی کے سب سے بڑے چیلنج سے کامیاب نکل آئے تو وہ واقعی طاقتور وزیراعظم بن کر سامنے آئیں گے۔ اگلے 20؍ دن بتائیں گے کہ کون جیتے گا اور کس کو شکست ملے گی۔