بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ڈی جی آئی ایس پی آر کامظفر آباد کا دورہ ،عوام کاپاک فوج سے محبت کا بھرپور اظہار

مظفرآباد(نیوز ڈیسک) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری (ہلالِ امتیاز ملٹری) نے آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے سول سوسائٹی کے نمائندوں سے خصوصی ملاقات کی۔

تفصیلات کے مطابق دورے کے دوران ایک جامع سوال و جواب نشست کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں عوام نے کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاک فوج کے ساتھ اپنی وابستگی کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

اجلاس کے دوران شرکاء کی جانب سے واضح اور پُرجوش انداز میں کہا گیا ” کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا!””پاکستان اور کشمیر کو دنیا کی کوئی طاقت جدا نہیں کر سکتی۔”

کشمیری عوام نے ڈی جی آئی ایس پی آر کو روایتی کشمیری ثقافتی لباس کا تحفہ پیش کیا، جسے بھرپور محبت اور عقیدت کا مظہر قرار دیا گیا۔ اس موقع پر شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے لہرائے اور یکجہتی کے نعرے لگائے۔

شرکاء نے آزاد کشمیر میں بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ “کشمیری عوام کل بھی پاکستان کے ساتھ تھے، آج بھی ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔”
اجتماع کے آخر میں فضا ” کشمیر بنے گا پاکستان” کے نعروں سے گونج اٹھی، جو کشمیری عوام کے جذبے اور پاکستان سے غیرمتزلزل وفاداری کی علامت تھی۔