بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد اسپتال سے ڈسچارج

ملائیشیا کے سابق وزیراعظم 100 سالہ مہاتیر محمد کو اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔
مہاتیر محمد کو طبیعت خراب ہونے پر آج صبح اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، گزشتہ جمعرات کو انہوں نے اپنی 100ویں سالگرہ کا کیک کاٹا تھا۔
مقامی میڈیا کے مطابق سابق ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد آج اپنی اہلیہ حسمہ محمد علی کی 99 ویں سالگرہ کی تقریب میں شریک ہوئے جہاں وہ خود گاڑی چلا کر پہنچے، انہوں نے تقریب سے قبل ایک گھنٹہ سائیکل بھی چلائی تھی۔
سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے بعد مہاتیر محمد کو تھکاوٹ کی شکایت پر اسپتال داخل کیا گیا جہاں ان کا طبی معائنہ کیا گیا اور کچھ گھنٹوں کے آرام کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی۔
مہاتیر محمد دل کے عارضے میں مبتلا رہے ہیں اور ان کی بائی پاس سرجری بھی ہوچکی ہے۔
خیال رہے کہ مہاتیر محمد 23 سال سے زائد عرصے تک ملائیشیا کے وزیراعظم رہے ہیں۔
پہلی بار وہ 1981 میں وزیراعظم بنے جس کے بعد 2003 میں انہوں نے اقتدار چھوڑ کر سیاست سے مکمل علیحدگی اختیار کرلی۔ بعد ازاں 2018 میں انہوں نے اپوزیشن اتحاد کی تاریخی فتح کے بعد دوبارہ وزارت عظمیٰ سنبھالی، لیکن ان کی حکومت دو سال سے بھی کم وقت میں اندرونی اختلافات کے باعث ختم ہوگئی، وہ خود 2022 تک رکن پارلیمنٹ رہ چکے ہیں۔
مہاتیر محمد نے 1956 میں اپنی اہلیہ حسمہ محمد علی سے شادی کی تھی۔
گزشتہ سال ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ’ 2003 میں عہدہ چھوڑنے پر انہیں پچھتاوا ہوا تھا،کیونکہ اس وقت میں 80 سال کا بھی نہیں ہوا تھا، جب میں 80 سال کا ہونے والا تھا تو میں نے خود کو کہا کہ 80 سال بہت زیادہ بڑھاپے کی علامت ہے، میرا خیال تھا کہ اب میں زیادہ اچھی طرح کام نہیں کرسکوں گا، مگر ریٹائر ہونے کے بعد میں نے دریافت کیا کہ میں کام کرنے کے قابل ہوں ۔
مہاتیر محمد نے مزید کہا کہ تجربہ عمر کے ساتھ آتا ہے اور معاشرے کو معمر ورکرز کو برقرار رکھنے کی کوشش کرنی چاہیے، اگر آپ معمر افراد کو افرادی قوت میں برقرار رکھتے ہیں اور جلد ریٹائر کرنےکے بجائے کام جاری رکھنے کی اجازت دیتے ہیں تو آپ ان کے تجربے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔