بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اٹلی سے سماجی کارکنوں کی ایک اور کشتی امدادی سامان لےکر غزہ کی طرف روانہ

اٹلی کے جزیرے سسلی سے سماجی کارکنوں کی ایک اور کشتی خوراک، ادویات اور دیگر امدادی سامان لےکر غزہ کی جانب روانہ ہوگئی۔
روانگی کے وقت سیراکوسا کی بندرگاہ پر درجنوں افراد موجود تھے جنہوں نے فلسطینی پرچم تھامے اور کفیہ پہن رکھے تھے اور ان تمام افراد نے “فری فلسطین” کے نعرے لگا کر کشتی کو الوداع کیا۔
رپورٹ کے مطابق یہ کشتی تقریباً ایک ہزار 800 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی اور غزہ پہنچنے کے لیے اسے ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔
یہ کشتی راستے میں اٹلی کے جنوبی شہر گلیپولی پر رکے گی جہاں فرانس کی سخت گیر بائیں بازو کی سیاسی جماعت کے 2 اراکین پارلیمنٹ بھی کشتی پر سوار ہوں گی۔
یاد رہے کہ یہ کشتی اس سے قبل غزہ کے لیے روانہ ہونے والی کشتی “میڈلین” کے 6 ہفتے بعد روانہ ہوئی ہے۔ امداد سے لدی میڈلین کشتی کو اسرائیلی فورسز نے غزہ کے ساحل سے 185 کلو میٹر دور روک لیا تھا اور کشتی سمیت سوار افراد کو واپس بھیج دیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ میں 4 ماہ سے بھی زائد عرصے سے امداد کی رسائی روک رکھی ہے اور خوراک کی شدید قلت کے باعث درجنوں بچے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
گزشتہ روز فلسطینی حکام نے خبردار کیا تھا کہ علاقے میں جاری محاصرے اور انسانی امداد کی شدید قلت کے باعث تقریباً 6 لاکھ 50 ہزار بچے قحط اور غذائی قلت کے سنگین خطرے سے دوچار ہیں۔