بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نئی سولرپالیسی ،نیٹ میٹرنگ ختم ،بجلی خریدنے کی شرح طے کرلی گئی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) حکومت نے نئی سولر پالیسی کے تحت بجلی کی واپس خریداری کی شرح کا تعین کر لیا ہے، جسے جلد وزیراعظم کو منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔اس پالیسی کے تحت نیٹ میٹرنگ کا نظام ختم کر کے گراس میٹرنگ کا طریقہ نافذ کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق نیٹ میٹرنگ کی موجودہ پالیسی سے قومی خزانے پر سالانہ 103 ارب روپے کا بوجھ پڑ رہا ہے۔نئی اسکیم کے مطابق سولر صارفین سے خریدی جانے والی بجلی کی قیمت 11.33 روپے فی یونٹ مقرر کی گئی ہے۔ تاہم، وہ صارفین جو پہلے سے نیٹ میٹرنگ کے نظام سے منسلک ہیں، وہ بدستور 27 روپے فی یونٹ پر بجلی فروخت کر سکیں گے۔ آئندہ واپسی نرخ بجلی کے موجودہ نرخ کا ایک تہائی حصہ ہوگا۔پاور ڈویژن کے مطابق حکومت کا ہدف ہے کہ آئندہ چند برسوں میں 8500 میگاواٹ سولر بجلی قومی گرڈ میں شامل کی جائے۔ یہ پالیسی پہلے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے منظوری لے گی، جس کے بعد اسے کابینہ کے سامنے رکھا جائے گا۔خیال رہے کہ اس سے قبل نیٹ میٹرنگ کی قیمتوں میں ممکنہ کمی پر سرمایہ کاروں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا اور اس اقدام کو مسترد کر دیا تھا۔