اسلام آباد (نیوز ڈیسک) قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی عمر ایوب خان نے بلوچستان کے ضلع آواران میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے بہادر افسر میجر رب نواز طارق کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں عمر ایوب خان نے کہا کہ میجر رب نواز طارق نے مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے بہادری، فرض شناسی اور وطن سے محبت کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔ ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور قوم ان کے اس لازوال جذبے کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
عمر ایوب خان نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار اور پرعزم ہیں، اور قوم کو اپنے ان سپوتوں پر فخر ہے جو ملک کے امن و سلامتی کے لیے ہر محاذ پر سینہ سپر ہیں۔
انہوں نے شہید کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم شہید کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ میجر رب نواز طارق شہید کی قربانی ملک کے لیے ایک عظیم سرمایہ ہے۔









