بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

یومِ الحاقِ پاکستان: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کشمیری عوام کو خراجِ تحسین

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر کشمیری عوام کی قربانیوں اور آزادی کی جدوجہد کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ 19 جولائی 1947 کا دن کشمیریوں کی پاکستان سے گہری وابستگی اور اجتماعی خواہش کا مظہر ہے، جب کشمیری عوام نے پاکستان کے ساتھ الحاق کی قرارداد منظور کی۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی، ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی پامالی کے باوجود کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہیں اور اُن کی تیسری نسل بھی اپنے حقِ خودارادیت کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے تاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ یومِ الحاقِ پاکستان نہ صرف تاریخی اہمیت کا دن ہے بلکہ یہ کشمیری عوام سے تجدیدِ عہد کا بھی دن ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور ان کی آواز کو ہر فورم پر بلند کرتا رہے گا۔