سندھ حکومت نے نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل ٹریننگ پروگرامز کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا ہے۔ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے اس حوالے سے کہا کہ پیپلز انفارمیشن ٹیکنالوجی پروگرام (PITP) نوجوانوں کو ڈیجیٹل معیشت کا حصہ بنانے کے لیے ایک ماڈل پروگرام بن چکا ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ PITP کے پہلے مرحلے میں 35,565 طلبہ کو جدید آئی ٹی شعبوں میں تربیت دی گئی۔ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 300 طلبہ کو میرٹ کی بنیاد پر گوگل کروم بکس اور لیپ ٹاپ فراہم کیے گئے۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ PITP کا دوسرا مرحلہ شروع کر دیا گیا ہے جس کے لیے ایک اعشاریہ چار ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نوجوانوں کو تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں عملی زندگی کے لیے تیار کر رہی ہے تاکہ وہ ملکی معیشت میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔









