اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ہائیرایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین کی تعیناتی کے لئے امیدواروں کے انٹرویو زکا عمل مکمل ہو گیا ہے۔نجی ٹی وکے مطابق مجموعی طور پر 56امیدواروں کے انٹرو یو کئے گئے ۔ حتمی امیدوار کا اعلان آئندہ ہفتے کے آخرتک کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ چیئرمین ایچ ای سی کی تعیناتی کے لئے امیدواروں کے انٹرویوز کا عمل 20 جون سے شروع ہواتھا۔ انٹرویوز وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے کمیٹی روم میں 6 رکنی سرچ کمیٹی نے کئے جس کی سربراہی وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر کر رہے ہیں۔
کمیٹی کی سیکرٹری وفاقی سیکرٹری تعلیم محترمہ ناہید شاہ درانی ہیں جبکہ باقی اراکین میں ہلال احمر پنجاب کے چیئرمین جسٹس (ر) شیخ احمد فاروق، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے سابق چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ضیاء القیوم اور بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر احمد فاروق بازئی شامل ہیں۔
ایچ ای سی کے نظرثانی شدہ ایکٹ کے مطابق چیئرمین ایچ ای سی کی مدت ملازمت چار سے کم کر کے دو سال کر دی گئی ہے، ایچ ای سی کے سابق چیئرمین ڈاکٹر طارق بنوری کی چار سالہ مدت 28 مئی 2022 کو ختم ہوگئی تھی۔
ایچ ای سی کے چیئرمین کی تعیناتی کے لئے امیدواروں کے انٹرویو ز مکمل








