اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ کہیں آئی ایم ایف نے ہماری اور کہیں ہم نےان کی بات مانی ، عالمی منڈی میں پٹرو ل کی قیمت کم ہوجائے تو لیوی بڑھادیں گے،اب لیوی کی حد30روپےکے بجائے 50روپے تک ہوسکتی ہے، رواں سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 17ارب سے زیادہ ہوگا،ہم غریب ترین لوگوں کو پیسے دے رہے ہیں اور امیرترین لوگوں سے لے رہے ہیں اس میں کیا برائی ہے ۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہاکہ پچھلی حکومت ہمیں دیوالیہ کے قریب چھوڑ کر گئی تھی ،عمران خان کی حکومت جب رسک پر آئی توانہوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ سارے وعدے رد کردیئے۔انہوں نےکہاکہ دو چیزوںپرآئی ایم ایف کی شرائط بالکل درست تھی، میں سمجھتا ہوں کہ پٹرولیم مصنوعات اور بجلی پر سبسڈی نہیں دینی چاہیے،پچھلے سال 1500ارب روپے بجلی کی سبسڈی پر خرچ کئے گئے۔انہوں نے کہاکہ کہیں کہیں آئی ایم ایف نے ہماری بات مانی اور کہیں ہم نے مانی ، آئی ایم ایف چاہتاتھاکہ پٹرولیم لیوی یکمشت 30روپے بڑھا دی جائے مگر ہم نہیں مانے ۔وزیرخزانہ نے کہاکہ جن سیکٹرزنے اچھا کمایا ان پر دس فیصد ٹیکس بڑھایا ہے، ماہانہ ایک لاکھ سے تین لاکھ روپے آمدن پر 12فیصد ٹیکس ہوگا ،50ہزار سے ایک لاکھ روپے آمدن پر دواعشاریہ پانچ فیصد ٹیکس ہوگا ،سپرٹیکس بینکنگ سیکٹر اور شوگر انڈسٹری پر بھی ہوگا یہ صر ف ایک بار ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ سونے کی 30ہزار میں سے صرف 22دکانیں رجسٹرڈ ہیں، تین ہزار سے 10ہزارروپے تک فکس ٹیکس لگایا ہے،ہم غریب ترین لوگوں کو پیسے دے رہے ہیں اور امیرترین لوگوں سے لے رہے ہیں اس میں کیا برائی ہے۔انہوں نے کہاکہ عالمی منڈی میں پٹرو ل کی قیمت میں کم ہوجائے تو لیوی بڑھادیں گے،اب لیوی کی حد30روپےکے بجائے 50روپے تک ہوسکتی ہے، اگلے ماہ سے مستقل طورپر 40روپے لیوی لگائیں تو 720ارب روپے جمع ہوں گے۔ مفتاح اسماعیل نے کہاکہ رواں سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 17ارب سے زیادہ ہوگا، یہ بات درست ہے جب عمران خان چھوڑ کر گئے تھے تب یوکرین کی جنگ کی وجہ سے مشکل حالات تھے،یوکرین کی جنگ سے گندم کی قیمت بڑھ گئی ،کھاد کی درآمد کرناپڑرہی ہے، پھر عمران خان نے ہر سال ٹیکس جی ٹی پی کو گرایا،سبسڈیاں دیں ،گردشی قرضے بڑھائے ، عمران خان ہمارے لئے بارودی سرنگیں بچھاکر گئے ۔انہوں نے کہاکہ کچھ دنوں میں زیادہ بجلی بیچیں گے ، انڈسٹری کوسستی بجلی دیں گے ،اس وقت کوئلے کی قیمتیں بہت زیادہ بڑھ گئی ہیں ، اس وقت لوڈ شیڈنگ اس لئے ہورہی ہے کیونکہ گرمی زیادہ بڑھی ہے،اگر گرمی بڑھتی ہے تو سارے پاور پلانٹس بھی چلائیں تو بھی لوڈشیڈنگ ختم نہیں ہوگی،پی ٹی آئی حکومت نے تین سال کے دوران کو پاورپلانٹ نہیں لگایا ،ہم ایک سال میں چار چھ ہزار سولر پاور پلانٹس بھی لگا کر جائیں گے ۔ایک سوال پر وزیرخزانہ نے کہاکہ سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری فائدہ مندہوگی ،آنے والے دنوں میں سب دیکھیں گے۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ ہماری پوری کوشش ہے کہ بیروزگاری نہ بڑھے، پہلے چند میں ماہ افراط زارزیادہ ہوگا مگر پھراس میں کمی آئے گی ،اس وقت مشکل وقت پر کھڑے ہیں ، ہم نے صاحب ثروت لوگوں سے کہاہے کہ وہ آگے آئیں ۔انہوں نے کہاکہ شوکت ترین بینکرہیں ،حماداظہرکی اسٹیل مل ہے اگر ان کے ٹیکس بڑھے ہیں تو وزیراعظم کے بیٹوں کا اور میرابھی ٹیکس بڑھا ہے، اگرملک کو پیروں پر کھڑاکراناہے توامیرلوگوں ٹیکس دیناہوگا۔انہوں نے کہاکہ امیدہے کہ ہم پانچ فیصد گروتھ کا ہدف حاصل کرلیں گے ۔ سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی واپسی سے متعلق مفتاح اسماعیل نے کہاکہ میں بھی روزافواہیں سنتاہوں، سنا ہے کہ چند ہفتوں تک وہ نہیں آرہے ،تاہم پاکستان سب کے لئے آزاد ملک ہے، جب اسحاق ڈار آنا چاہیں تو آسکتے ہیں ۔انہوں نےکہاکہ مجھے عہدے سے ہٹانا وزیراعظم کی صوبداید پر ہے ،وہ مجھے واٹس ایپ پربھی ہٹاسکتے ہیںجس طرح عمران خان کرتے تھے لیکن امید ہے کہ وہ ایسانہیں کریں گے ۔
عالمی منڈی میں پٹرو ل کی قیمت کم ہوئی تو لیوی بڑھادیں گے، حد 50روپے تک ہوگی، وزیرخزانہ








