واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سیاست میں آنے سے پہلے چندہ مانگنے کے لیے ان کے پاس آتے تھے۔
امریکی تھنک ٹینک اٹلانٹک کونسل کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 2014 میں 126 دن کا دھرنا دیا، جس سے معاشی نقصان ہوا۔ اگر کوئی مقبول لیڈر ہے تو اس کو یہ حق حاصل نہیں کہ سیکیورٹی تنصیبات پر حملہ کرے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ نواز شریف نے دہشتگردی کے خلاف بہترین کام کیا۔ بعد میں آنے والی حکومت نے کالعدم ٹی ٹی پی کے لیے بارڈرز کھول دیے۔ بانی پی ٹی آئی کی حکومت نے 100 سے زائد مجرم رہا کیے۔ سرحدیں کھولیں تو 30 سے 40 ہزار طالبان پاکستان میں آ گئے۔ وہ پھر سے زندہ ہوگئے۔ یہ فیصلہ بہت افسوس ناک تھا، سرحدیں نہیں کھولنی چاہیے تھیں۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ9مئی کے واقعے پر قانون اپنا راستہ لے گا، بانی پی ٹی آئی کے خلاف کیسز سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں، ڈاکٹر عافیہ صدیقی دہائیوں سے امریکہ میں امریکی قانون کے تحت قید ہیں۔









