بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

حکومت کاعمران خان کی سزامیں نرمی کاعندیہ ،سابق وزیراعظم کوکیاکرناہوگا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی رانا احسان افضل نے کہا ہے کہ اگربانی پی ٹی آئی عمران خان ماضی کے اعمال پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں اور تحریری معافی مانگتے ہیں تو موجودہ حکومت ان کی سزا کو کم کرنے پر سنجیدگی سے غور کر سکتی ہے۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے رانا احسان افضل نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو خود سزا میں کمی کا اختیار نہیں تاہم آئینی دائرہ کار میں صدر کو حاصل اختیارات کے تحت معافی ممکن ہو سکتی ہے بشرطیکہ عمران خان باضابطہ تحریری اپیل کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان افسوس کا اظہار کرتے ہیں اور صدر کو معافی کی درخواست جمع کراتے ہیں تو امکان ہے کہ ان کی سزا میں کمی ہو سکتی ہے۔ رانا احسان افضل نے کہا کہ عدالتی کارروائی کے بعد بانی پی ٹی آئی پر الزامات ثابت ہوچکے ہیں اس لیے معافی یا معافی پر تحریری معافی کے بعد ہی غور کیا جاسکتا ہے۔

رانا احسان افضل نے مزید کہا کہ 9 مئی کے واقعات اور دیگر قانونی مسائل اپنی جگہ تاہم سیاست میں مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے رہنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ اختلافات کے باوجود سیاسی مفاہمت ممکن ہے لیکن بدقسمتی سے پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جو مذاکرات سے مسلسل انکاری ہے۔