اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں حکومت 184ارکان اسمبلی کی حمایت حاصل ہے ،اپوزیشن ہمت کرے اور اپنے ارکان میڈیا پر شو کرے ،گزشتہ روز ایک ایم این اے نے بتایا کہ دس کروڑ کی آفر کی گئی ہے ۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے حماد اظہر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتحادی مضبوط حکومت کے ساتھ ہیں اور رہیں گے، سندھ کے این ایف سی کا پیسہ پانی کی طرح بہایا گیا۔انہوں نے کہا کہ جو ہماری زبان نہیں بول سکتے وہ لوگوں کو کیا سمجھا سکیں گے، ایک ننھا منا لیڈر ننھا منامارچ لے کر اسلام آباد پہنچا، ماضی میں حکمرانوں نے چھانگا مانگا کی سیاست کی۔دوسری جانب وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے فواد چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ سازش ہمارے خلاف نہیں معیشت پر حملہ ہے، پاکستان سالانہ 5 فیصد معاشی ترقی کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کوویڈ کے دوران ساری دنیا نے ہماری تعریف کی، روس نے مغربی ممالک کو ایکسپورٹ بند کرنے کا اعلان کیا ہے، تیل کی قیمت 130 ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔حماد اظہر نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں سیاسی اور معاشی بحران ہے۔