بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

دوران سرجری مریض کے معدے سے موبائل فون برآمد

مصر کے ساحلی شہرالغردقہ کے جنرل ہسپتال میں ڈاکٹروں نے ایک  غیر معمولی اور چونکا دینے والی سرجری  کے دوران مریض کے معدے سے موبائل فون  نکال لیا۔
تفصیلات کے مطابق مریض کو  شدید پیٹ درد، مسلسل قے اور کمزوری کی شکایت پر ہسپتال لایا گیا تھا۔ ابتدائی معائنے کے بعد جب ایکسرے اور اسکین کیے گئے، تو ڈاکٹروں کو یہ جان کر حیرت ہوئی کہ مریض کے معدے میں ایک چھوٹا موبائل فون موجود ہے — جسے اس نے کسی نہ کسی طرح  نگل لیا تھا۔
ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر کریم الشبراوی کے مطابق ماہر سرجنز کی ایک ٹیم نے فوری طور پر سرجری کا فیصلہ کیا۔ کامیاب آپریشن کے بعد موبائل فون کو معدے سے بحفاظت نکال لیا گیا۔ خوش قسمتی سے مریض کی حالت اب مستحکم ہے، مگر اُسے ابھی بھی نگرانی میں رکھا گیا ہے  تاکہ کسی پیچیدگی سے بچا جا سکے۔
حکام نے یہ واضح نہیں کیا کہ مریض نے فون کیسے نگل لیا لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسی اشیاء نگلنا نہ صرف خطرناک بلکہ جان لیوا بھی ہو سکتا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے 2021 میں بھی مصر میںایک مریض کے جسم سے موبائل فون نکالنے کا واقعہ پیش آ چکا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایسے غیر معمولی واقعات وقتاً فوقتاً رپورٹ ہوتے رہے ہیں۔