معروف اداکارہ، گلوکارہ اور مصنفہ بشریٰ انصاری نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی شادی 1978 میں پروڈیوسر اقبال انصاری سے صرف 1000 روپے میں ہوئی تھی ۔
نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں بات کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے بتایا کہ اُس وقت اقبال انصاری ایک سرکاری ملازم تھے اور ان کی تنخواہ صرف 1200 روپے تھی۔ ان حالات میں شادی کے بڑے اخراجات ممکن نہیں تھے۔
بشریٰ انصاری کے مطابق ان کے والد نے صاف کہہ دیا کہ نہ کوئی قرض لیا جائے گا، نہ زیور بنے گا، اور نہ ہی کار بیچی جائے گی۔ شادی صرف نکاح پر مشتمل ہوگی اور وہ بھی سادگی سے۔
انہوں نے کہا کہ یوں ان کی شادی صرف 1000 روپے میں مکمل ہوئی اور آج تک انہوں نے کبھی کوئی مالی دباؤ یا بوجھ محسوس نہیں کیا۔
بشریٰ انصاری نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ شادی خوشی کا موقع ہوتا ہے، دکھاوے کا نہیں۔ تعلق کی خوشی اصل دولت ہے، نہ کہ قرض میں ڈوب کر کی جانے والی بڑی تقاریب۔
ان کا یہ انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا، جہاں مداحوں نے ان کے خیالات کو سراہا اور کہا کہ فضول خرچی سے بچنا اور سادگی اپنانا ہی اصل دانشمندی ہے۔









