باجوڑ میں آسمانی بجلی گرنے اور کلاؤڈ برسٹ سے 16 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ لوئر دیر میں مکان کی چھت گرنے سے 5 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
خیبرپختونخوا کے علاقہ باجوڑ کی تحصیل سلارزئی کے قریب واقعہ پیش آیا، جہاں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں سیلابی ریلے میں بہہ کر 16 افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں 10 بچے بھی شامل ہیں، متعدد گھروں کو نقصان پہنچا، جبکہ 7 افراد لاپتہ ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر باجوڑ امجد خان کی نگرانی میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے، متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع موصول ہوئی ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے علاقے میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی، راستہ بند ہونے سے ریسکیو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی آبادی اپنی مدد آپ کے تحت متاثرین کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔
مانسہرہ کے علاقے بسیاں میں گاڑی سیلابی ریلے میں بہنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ تین افراد کو زندہ بچا لیا گیا۔









