بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ہمارے جوہری اثاثے صرف دفاع کے لیے ہیں، مودی کو خواب میں بھی پاک فوج نظر آتی ہے، خواجہ آصف

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو اب خواب میں بھی پاکستان اور اس کی افواج نظر آتی ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں خواجہ آصف نے واضح کیا کہ پاکستان نہ تو جوہری ہتھیاروں کے ذریعے کسی کو بلیک میل کرتا ہے اور نہ اس پر یقین رکھتا ہے۔ ہمارے نیوکلیئر اثاثے صرف ملکی دفاع کے لیے ہیں اور یہی ہماری سلامتی کی ضمانت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کے لیے پاکستان سے جنگ ایک ڈراؤنا خواب بن چکا ہے۔ وہ یہ بیانات محض اپنے ووٹرز کو مطمئن کرنے کے لیے دے رہے ہیں، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف ہمیشہ دفاع میں جنگ لڑی اور کامیابی حاصل کی۔

وزیر دفاع کے مطابق مودی کو اب اپنے ہی ملک میں سیاسی مخالفت کا سامنا ہے۔ چھوٹی ریاستوں سے لے کر کانگریس تک، سب ان کے رویے پر تنقید کر رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ مودی کے طرزِ عمل نے حالات کو جنگ کے دہانے تک پہنچا دیا۔ مودی ان بیانات کے ذریعے اپنے گھر میں اٹھنے والی سیاسی طوفان کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ پاکستان کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ڈیڑھ سال پہلے بھارت کا ایک سیاسی اور معاشی مقام تھا، لیکن مودی کی پالیسیوں نے اسے کھو دیا۔ اب ان کی ناکامی بھارتی اپوزیشن کے لیے موقع ہے کہ وہ دوبارہ اپنی پوزیشن مضبوط کر سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مودی سرکار نے بھارت کو اندرونی اور عالمی سطح پر نقصان پہنچایا ہے۔ دہشت گردی کی پشت پناہی کے باعث اسے عالمی سطح پر بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ کینیڈا اور پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں بھارتی کردار کے ثبوت موجود ہیں، جنہیں پاکستان نے عالمی فورمز پر پیش بھی کیا ہے۔

وزیر دفاع کے مطابق پاکستان میں بی ایل اے اور طالبان بھارت کی پراکسی کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ اگر بھارت اچھے ہمسایوں کی طرح تعلقات رکھے تو برصغیر میں امن ممکن ہے اور خطے کی عوام معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتی ہے۔