اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ کہیں ان کے نام پر جاری موبائل سم کسی اجنبی کے استعمال میں تو نہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق جرائم پیشہ عناصر چوری شدہ ذاتی معلومات کی بنیاد پر آپ کے نام سے غیر قانونی سم نکلوا سکتے ہیں، جو فراڈ، مجرمانہ سرگرمیوں یا دہشت گردی کے لیے استعمال ہو سکتی ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے نام پر رجسٹرڈ سمز کی فوری جانچ کریں۔ اس مقصد کے لیے cnic.sims.pk ویب سائٹ پر وزٹ کریں، یا اگر انٹرنیٹ دستیاب نہیں تو اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر 668 پر ایس ایم ایس کر کے معلومات حاصل کریں۔ اگر کوئی ایسی سم سامنے آئے جو آپ کے زیر استعمال نہیں تو فوراً بلاک کروائیں۔
پی ٹی اے نے مزید کہا کہ نئی موبائل سم ہمیشہ صرف موبائل کمپنیوں کے مستند سیلز پوائنٹس، کسٹمر سروس سینٹرز یا فرنچائز سے تمام قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد ہی خریدیں۔









