بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وفاقی حکومت کی سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف اور امدادی کارروائیاں جاری، وزرا کی بریفنگ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں کہا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت مون سون کی بارشوں سے پیدا ہونے والی حالیہ سیلاب کی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں سیلاب کی موجودہ صورتحال، امدادی اور بچاؤ کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔

عطاء اللہ تارڑ نے بتایا کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ بہتر طریقے سے کوآرڈینیشن جاری ہے اور مون سون سے قبل نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں متعدد اجلاس منعقد ہوئے جن میں تمام صوبائی حکومتوں کے نمائندے شریک رہے۔

انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے پیشگی آگاہی نظام کے ذریعے متعلقہ اتھارٹیز کو باقاعدگی سے ڈیٹا فراہم کرتا رہا ہے اور صورتحال سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں۔

وزیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ امدادی سامان اور ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں اور پاک فوج سمیت تمام فلاحی ادارے متاثرین کی مدد کے لیے سرگرم ہیں۔

وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث کلاؤڈ برسٹ کی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے متاثرین کے نقصانات کے ازالے کے لیے اقدامات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے۔

مصدق ملک نے متاثرین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ عالمی سطح پر کاربن کے زیادہ اخراج کے اثرات ہمارے خطے میں بھی محسوس ہو رہے ہیں اور وفاقی حکومت متاثرین کے نقصانات کی تلافی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔