ممبئی(شوبز ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سچن ٹنڈولکر کے بیٹے ارجن ٹنڈولکر نے ممبئی کے معروف بزنس مین روی گھائی کی پوتی ثانیہ چندوک سے منگنی کر لی ہے۔
سچن ٹنڈولکر کے بیٹے کی منگنی کے بعد ایک پرانی ویڈیو دوبارہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں سارا ٹنڈولکر اور ثانیہ چندوک کے درمیان گہری دوستی کی جھلک دکھائی گئی ہے۔
یہ ویڈیو اگست 2023 میں سارا نے انسٹاگرام پوسٹ میں شیئر کی تھی، جس میں وہ، ثانیہ اور ایک اور دوست کے ہمراہ برطانیہ کے ’کیو لٹل پگز فارم‘ میں وقت گزارتی نظر آتی ہیں۔ اس فارم میں مہمانوں کو جانوروں کو کھلانے اور ان کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع دیا جاتا ہے۔
ویڈیو میں سارا ٹنڈولکر اپنے دوستوں کے ہمراہ ننھے سوروں اور بھیڑوں کو پیار کرتے، انہیں خوراک دیتے اور تصویریں کھنچواتے دکھائی دیتی ہیں۔ اس ویڈیو کو ’تین ننھے سوروں کی ایک مہم جوئی‘ کا عنوان دیا گیا تھا، جو سارا اور ثانیہ کی قریبی دوستی کو اجاگر کرتا ہے۔
یہ ویڈیو اس وقت ایک بار پھر خبروں میں آئی جب ارجن ٹنڈولکر اور ثانیہ چندوک کی منگنی کی خبر منظر عام پر آئی۔ ارجن جو کہ 25 سالہ کرکٹر اور لیجنڈری بلے باز سچن ٹنڈولکر کے صاحبزادے ہیں، نے 13 اگست کو ایک نجی تقریب میں اپنے قریبی عزیزوں اور دوستوں کی موجودگی میں منگنی کی۔
یہ ویڈیو اس بات کا ثبوت ہے کہ ثانیہ کافی عرصے سے ٹنڈولکر خاندان کے قریب رہی ہیں، اور ان کی اور سارا کی دوستی اس وقت سے ہے جب وہ ارجن کی منگیتر بھی نہیں تھیں۔ سارا کی پچھلی سال کی یہ پوسٹ ان کے رشتے کی گہرائی کو ظاہر کرتی ہے، جو اب اور بھی زیادہ خاص بن چکا ہے۔
واضح رہے کہ ٹنڈولکر کے 25 سالہ بیٹے ارجن ٹنڈولکر آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ ارجن ٹنڈولکر نے اپنا ڈومیسٹک کیریئر ممبئی سے 2020-21 سیزن میں شروع کیا تھا۔ وہ انڈیا انڈر 19 اسکواڈ کا حصہ بھی رہے ہیں۔
ثانیہ چندوک جو اس وقت 26 سال کی ہیں، معروف صنعت کار روی گھائی کی پوتی ہیں۔ ان کا خاندان بھارت کے خوراک اور ہوٹلنگ کے شعبے میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ گھائی خاندان کا ادارہ ’گریویس گروپ‘ بھارت میں باسکن رابنز کے آپریشنز چلاتا ہے اور ’دی بروکلن کریمری‘ کا بھی مالک ہے۔ گریویس فوڈ سولیوشنز پرائیویٹ لمیٹڈ نے مالی سال 2023-24 میں 624 کروڑ کی آمدنی حاصل کی۔









