آزاد کشمیر کے پُرفضا مگر خطرناک پہاڑی علاقوں میں دو مختلف ٹریفک حادثات نے چھ قیمتی جانیں لے لیں، جن میں کراچی سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی اور پونچھ یونیورسٹی کی خاتون لیکچرار بھی شامل ہیں۔ ایک بچی زخمی حالت میں بچ گئی۔
دریائے نیلم میں سیاحوں کی جیپ کھائی میں جاگری
مظفرآباد کے علاقے سرداری کے مقام پر ایک سیاحتی جیپ، جو کیل سے تاؤبٹ ہلمت جا رہی تھی، بارش اور پھسلن کے باعث دریائے نیلم کے کنارے کھائی میں جاگری ۔ جیپ میں سوار تمام افراد کراچی سے تعلق رکھتے تھے۔
حادثے میں میاں بیوی، جیپ ڈرائیور، ایک مقامی رہائشی اور ایک اور سیاح جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک ننھی بچی زخمی ہو گئی۔
ریسکیو ٹیموں نے لاشوں اور زخمی بچی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔
یہ واقعہ سیاحت کے شوقین خاندان کے لیے سانحے میں بدل گیا، جو وادی کی خوبصورتی دیکھنے آئے تھے۔
راولا کوٹ میں نالے میں گاڑی بہہ گئی، خاتون لیکچرار جاں بحق
دوسرا واقعہ راولا کوٹ کے علاقے میں پونچھ یونیورسٹی کے تراڑ کیمپس کے قریب پیش آیا، جہاں ایک گاڑی نالے میں بہہ گئی۔ گاڑی میں سوار ڈاکٹر گل لالہ جو یونیورسٹی کی لیکچرار تھیں، حادثے میں جان کی بازی ہار گئیں۔
پولیس کے مطابق ان کی گاڑی نالے سے گزر رہی تھی کہ اچانک پانی کا بہاؤ بڑھ گیا اور گاڑی بہہ گئی۔
ڈاکٹر گل لالہ کا تعلق راولا کوٹ کے نواحی علاقے کھڑک سے تھا۔
ریسکیو ٹیمیں لاش کی تلاش میں مصروف ہیں۔
آزاد کشمیر میں دو افسوسناک حادثات، میاں بیوی، خاتون لیکچرار سمیت 6 جاں بحق








