سینیٹر فیصل واوڈا نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت اور خیبرپختونخوا کی صورتحال سے متعلق کئی اہم نکات پر روشنی ڈالتے ہوئے بڑی پیش گوئی کر دی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا چہرہ دیکھتے رہیں، وہ ماضی میں وزیر خارجہ بھی رہ چکے ہیں۔ وقت بتائے گا کہ ان کا کردار کیا رہا۔
سرکاری فنڈز، مسلح گروہ اور خیبرپختونخوا
فیصل واوڈا نے کہا کہ وہ اس بات کی تائید کرتے ہیں کہ خیبر پختونخوا میں 10 فیصد سرکاری فنڈز مسلح گروہوں کو دیے گئے اور اس حوالے سے مولانا فضل الرحمان کا مؤقف درست ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ صرف خیبر پختونخوا کا معاملہ نہیں، اگر تمام صوبوں کے فنڈز کا جائزہ لیں تو بہت کچھ سامنے آ جائے گا۔ ہر جگہ بڑا ‘فنڈا موجود ہے۔
پی ٹی آئی قیادت پر تنقید
سینیٹر واوڈا نے الزام عائد کیا کہخیبرپختونخوا کی قیادت نے پی ٹی آئی کے بانی کو جیل میں رکھنے میں کامیابی حاصل کی، جبکہ خود اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں۔ وہ لوگ جنہوں نے خود کو ایمانداری کا علمبردار کہا، آج وہاں بھی بے ایمانی ہو رہی ہے۔”
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں نے نعرے لگائے کہ سارے چور اور بے ایمان ہیں، لیکن اب سینٹ کی سیٹوں پر بھی نوراکشتی ہو رہی ہے۔
فیصل واوڈا نے پاک فوج کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ اگست کے موقع پر بلوچستان میں ممکنہ تباہی کو فوج نے بروقت کارروائی سے ٹال دیا۔ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج ملک کو بچاتی رہے گی۔
انہوں نے مزید کہاکہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری رہے گا، یہ رُکے گا نہیں بلکہ مزید تیز ہوگا، اور جو بھی اس راہ میں رکاوٹ بنا، چاہے جتنا بڑا ‘طرم خان ہو، رگڑ دیا جائے گا۔









