بھارتی شہر ممبئی میں شدید بارش کے بعد جب سڑکیں ندیوں میں تبدیل ہو گئیں، تو اسی افراتفری کے دوران ایک شخص “اسپائیڈر مین” کا روپ دھار کر سب کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
یہ منفرد منظر مہاراشٹرا کے علاقے بھیونڈی میں دیکھا گیا، جہاں ایک نوجوان اسپائیڈر مین کے لباس میں ملبوس، ہاتھ میں موپ (صفائی کا کپڑا) تھامے، پانی میں ڈوبی گلیوں کی صفائی کرتا نظر آیا۔ سوشل میڈیا پر اس کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو گئی ہے اور صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسپائیڈر مین نہ صرف پانی نکالنے کی کوشش کر رہا ہے بلکہ ایک نالے کے آگے رکاوٹ بنے کچرے کے تھیلے کو بھی ہٹا رہا ہے تاکہ پانی کی روانی بحال ہو سکے۔
واضح رہے کہ ممبئی اور اس کے گردونواح میں گزشتہ تین روز سے جاری موسلا دھار بارش نے زندگی کا نظام مفلوج کر دیا ہے۔ سڑکیں زیر آب آ چکی ہیں، ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے، اور بازاروں میں پانی داخل ہونے سے دکانداروں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
ایسے حالات میں یہ “سپر ہیرو” نہ صرف لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ لے آیا، بلکہ صفائی کے حوالے سے ایک مثبت پیغام بھی دے گیا — کہ اصل ہیرو وہی ہوتے ہیں جو حالات جیسے بھی ہوں، عمل سے کام لیتے ہیں۔
اسپائیڈر مین نکاسی آب کے لئے سڑک پر آگیا؟








