بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان میں بارشوں اور سیلاب کی تباہی: برطانوی شاہی جوڑے کا افسوس، سعودی عرب کی امداد 

پاکستان میں حالیہ شدید بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب کی تباہ کاریوں نے جہاں ملک بھر میں سوگ کی فضا پیدا کی ہے، وہیں عالمی سطح پر بھی اس المیے پر دکھ اور یکجہتی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
برطانیہ کے شاہ چارلس سوم اور ملکہ کمیلا نے ایک دل کو چھو لینے والے بیان میں پاکستانی عوام سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ شاہی جوڑے نے کہا کہ ہم ان تمام لوگوں کے دکھ میں شریک ہیں جنہوں نے اس قدرتی آفت میں اپنے پیارے، گھر یا روزگار کھو دیا۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں موجود وہ تمام خاندان جن کے پاکستان سے گہرے تعلقات ہیں، وہ اس دکھ کی گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
شاہ چارلس نے کہاکہ ہم متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں میں مصروف ایمرجنسی سروسز، مقامی کمیونٹیز اور رضاکاروں کی ہمت، قربانی اور عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جو ان اندھیری گھڑیوں میں روشنی کی مثال بنے ہوئے ہیں۔
شاہی جوڑے نے سیلاب کے ساتھ ساتھ ہیلی کاپٹر حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر بھی گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے لیے دعاگو ہیں اور متاثرہ علاقوں کی بحالی میں ان کے حوصلے کی داد دیتے ہیں۔
دوسری جانب سعودی حکومت، شاہی خاندان اور کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی جانب سے خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان پاکستان بھیج دیا گیا ہے۔ اس میں:
10 ہزار فوڈ پیکٹس ،10 ہزار شیلٹر کٹس شامل ہیں۔
یہ امداد ان متاثرہ خاندانوں کے لیے ہے جو رواں ہفتے کلاؤڈ برسٹ اور موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں بے گھر یا متاثر ہو چکے ہیں۔