اسلام آباد:ملک کے مختلف حصوں میں جاری موسلا دھار بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ محکمہ ریلوے نے خراب موسم کے پیش نظر کئی ٹرینوں کی عارضی معطلی کا اعلان کر دیاتاکہ مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
محکمہ ریلوے کے مطابق شدید بارشوں سے ریل گاڑیوں کا شیڈول درہم برہم ہو گیا ہے، اور اندرونِ ملک سفر کرنے والی متعدد ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہیں۔ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے قراقرم ایکسپریس کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے، تاہم متاثرہ مسافروں کو پاک بزنس اورکراچی ایکسپریس میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
اسی طرح شاہ حسین ایکسپریس 21 اگست سے 25 اگست تک بند رہے گی، اور اس کے مسافروں کو گرین لائن ایکسپریس سمیت دیگر متبادل ٹرینوں میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔خوشحال خان خٹک ایکسپریس کی سروس بھی تین دن کے لیے معطل رہے گی۔
پاک فوج کا ریلیف مشن جاری
دوسری جانب سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کے ریسکیو اور ریلیف آپریشنز بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ انجینئر کورکے اہلکار شانگلہ اور بونیر جیسے متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
پاک فوج نے متاثرہ علاقوں میں ٹریفک بحالی کے لئے تیزی سے اقدامات کیے ہیں۔ پیر بابا بائی پاس کو ریسکیو آپریشن کے بعد ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے، جبکہ پیر بابا بازار میں رات بھر ملبہ ہٹانے کا کام جاری رہا تاکہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
فوجی مشینری کی مدد سے الوچ پُورن روڈ کے 20 کلومیٹر طویل حصے کو لینڈ سلائیڈنگ کے بعد بحال کر دیا گیا جس سے پُورن گاؤں کا زمینی رابطہ دوبارہ قائم ہو گیا ۔ حکام کے مطابق، مکمل بحالی تک ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں بدستور جاری رہیں گی۔
طوفانی بارشیں، محکمہ ریلوے نے متعدد ٹرینیں معطل کر دیں








