کرکٹ شائقین کے لیے بڑی خوشخبری! بھارت کو بالآخر ایشیا کپ 2025 کے دوران پاکستان کے خلاف کھیلنے کی اجازت مل گئی۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی حکومت نے قومی ٹیم کو ستمبر میں ہونے والے اس بڑے ایونٹ میں پاکستان کے خلاف میدان میں اترنے کی باضابطہ اجازت دے دی ۔
دونوں روایتی حریف ٹیمیں 14 ستمبر کو دبئی کے میدان میں ٹکرائیں گی، جو بلاشبہ ایونٹ کا سب سے زیادہ انتظار کیا جانے والا مقابلہ ہو گا۔
بھارتی وزارت کھیل نے واضح کیا کہ اگرچہ بھارت اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ کرکٹ سیریز بدستور معطل ہے، لیکن کثیرالملکی ٹورنامنٹس جیسے ایشیا کپ میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلنے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔
بھارتی اسکواڈ کا اعلان
ایشیا کپ کے لیے بھارت نے اپنی 15 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا جس کی قیادت جارح مزاج بلے باز سوریا کمار یادیو کریں گے، جبکہ شبمن گل نائب کپتان ہوں گے۔
اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں ابھیشیک شرما، تلک ورما، ہاردک پانڈیا، شیوم دوبے، اکشر پٹیل، جیتیش شرما، جسپریت بمراہ، ارشدیپ سنگھ، ورون چکرورتی، کلدیپ یادیو، سنجو سیمسن، ہرشیت رانا اور رنکو سنگھ شامل ہیں۔
پاکستانی اسکواڈ بھی تیار
دوسری جانب، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی ایشیا کپ 2025 اور اس سے پہلے ہونے والی یو اے ای ٹی ٹوئنٹی سہ فریقی سیریز کے لیے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا جس میں سلمان علی آغا کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔
پاکستانی اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں میںفخر زمان، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، صائم ایوب، خوشدل شاہ، حسین طلعت، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، محمد حارث، ابرار احمد، فہیم اشرف، حسن علی، حسن نواز، صاحبزادہ فرحان، سلمان مرزا اور سفیان مقیم شامل ہیں
سہ فریقی سیریز اور ایشیا کپ کا شیڈول
سہ فریقی سیریز (پاکستان، افغانستان، یو اے ای) 29 اگست سے 7 ستمبر تک شارجہ میں کھیلی جائے گی۔
ایشیا کپ 9 سے 28 ستمبر تک ابوظہبی اور دبئی کے میدانوں میں شیڈول ہے۔
بابر اور رضوان سے متعلق وضاحت
سابق فاسٹ بولر اور کوچ عاقب جاوید نے حالیہ بیان میں واضح کیا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان کو مستقل بنیادوں پر نظر انداز نہیں کیا جا رہا۔ ان کے مطابق بابر اور رضوان تین سیریز میں شامل نہیں تھے، لیکن اگر وہ دیگر کھلاڑیوں کی طرح پرفارم کرتے ہیں تو ضرور ٹیم میں واپس آئیں گے۔ ہمارے پاس اس وقت اچھے آپشنز ہیں جیسے صائم ایوب، فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان۔ دو تین میچز کی بنیاد پر کسی کو مکمل طور پر رد نہیں کیا جا سکتا۔
ایشیاکپ میں بھارت پاکستان سے کھیلے گا یا نہیں؟ اہم اعلان سامنے آگیا








